لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا اور فائل واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوادی۔
گزشتہ روز مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا کے روبرو درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عظمیٰ کی طرف سے نااہل کیے گئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ذاتی پسند پر نجم سیٹھی کا بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرر کیا، نجم سیٹھی اس عہدے پر تقرری کی اہلیت نہیں رکھتے تھے۔ انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین بورڈ تقرری کالعدم قرار دی جائے اور درخواست گزارکو اہلیت کی بنا پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس نہیں سننا چاہتے، فاضل جج نے فائل مزید کارروائی کیلیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ہے۔