اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں 15 دن تک حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ یہ استثنیٰ کیا آج کے دن کے لیے مانگا گیاہے جس پر خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ جی، یہ آج کے دن کے لیے ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ استثنیٰ کی ایک درخواست پہلے بھی پڑی ہوئی ہے جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ نواز شریف کی اہلیہ بیمار ہیں اور سیکورٹی کے مسائل بھی ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے سماعت کے دوران کہا کہ جب تک ٹرائل شروع نہیں ہوجاتا استثنیٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، 2 ریفرنسوں میں ایک بھی ملزم عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے متعلق استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔