لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 سے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کی رہنما مریم نواز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔ مریم نواز پر مختلف ناموں سے دو پاسپورٹ رکھنے کا اعتراض لگایا گیا تھا۔ اعتراض میں کہا گیا تھا کہ ان کا ایک پاسپورٹ مریم نواز اور ایک مریم صفدر کے نام سے ہے، تاہم ریٹرننگ افسر نے اعتراض مسترد کر کے کاغذات منظور کر لیے۔ خیال رہے کہ مریم نواز شریف گزشتہ روز لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125، این اے 127 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 173 سے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ایوانِ عدل اور سیشن کورٹ میں ریٹرننگ افسر کے روبرو پیش ہوئی تھیں۔ مریم نواز جب این اے 125 سے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے سیشن کورٹ میں ریٹرننگ افسر کے روبرو پیش ہوئیں تو ان سے سوال کیا گیا کہ پانی کو محفوظ اور دہشتگردی کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا کریں گی؟ جس کے جواب میں مریم نواز نے کہا ڈیم بنائیں گے، 5 سال سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوشش کر رہے ہیں، سیکیورٹی کو بہتر کیا۔