قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سولہ دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی قربانی کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہم ان بچوں کو اور ان کے والدین کو بھی اس عظیم قربانی کیلئے سلام ہیش کرتے ہیں۔
اسلام آباد: (یس اُردو) قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب متحد ہیں اور اس کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔ سولہ دسمبر کا دن دہشت گردی کے خلاف قوم کی یکجہتی اور عزم کا بھی دن ہے اور اس دن پوری قوم نے دہشت گردی کو بیک زبان للکارا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں پشاور میں اے پی ایس کے شہداء کے والدین سے ملاقات کی تھی اور وزیر اعظم کو خط بھی تحریر کیا تھا کہ اس دن کو پورے ملک میں شہید بچوں کی یاد کے طور پر منایا جائے اور چاروں صوبوں میں اور وفاقی دارالحکومت میں ان کی یادگاریں تعمیر کی جائیں۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان اور سکیورٹی کے اداروں کی خدمات ناقابل فراموش اور شاندار ہیں۔ ہم اس دن ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اس ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے۔ ہم اپنے لئے اور اپنی ائندہ نسلوں کیلئے پاک سر زمین کو امن کا گہوارہ بنائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔