اسلام آباد: انتخابی فتح کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی نئی حکومت کے لیے عہدیداروں کے انتخاب میں مصروف ہیں اور اس حوالے سے پارٹی کے اندر شدید کشمکش اور احتجاج کی اطلاعات بھی آ رہی ہیں۔ من پسند عہدہ نہ ملنے پر احتجاج کرنے والوں میں عارف علوی بھی شامل ہیں۔ عارف علوی کی شدید خواہش تھی کہ انہیں سپیکرقومی اسمبلی بنایا جائے لیکن عمران خان نے اسد قیصر کو اس عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسد قیصر کو سپیکرقومی اسمبلی کے لیے نامزد کرنے پر عارف علوی شدید خفا ہوگئے اور احتجاجاً جمعہ کے روز بنی گالہ میں ہونے والی پارٹی میٹنگ میں شرکت ہی نہیں کی۔ بتایا گیا ہے کہ عارف علوی کے علاوہ شفقت محمود بھی اس عہدے کے خواہش مند تھے۔ عارف علوی سپیکر قومی اسمبلی تو نہیں بن سکے تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ صدر ممنون حسین کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں صدرمملکت بنادیا جائے گا۔