counter easy hit

شکرپڑیاں میں مسلح افواج کی پریڈ، صدر ، وزیراعظم کی شرکت

مسلح افواج کے دستوں نے صدر مملکت سمیت وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلی عسکری اور سول افسران کو سلامی دی۔

 اسلام آباد :  77 ویں یوم پاکستان کے موقع پر شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی ، مسلح افواج کے دستوں نے صدر مملکت سمیت وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلی عسکری اور سول افسران کو سلامی دی۔

پریڈ میں سعودی عرب کی خصوصی فورس کے دستے اور ترکی کے فوجی بینڈ نے شرکت کی۔پریڈ میں پہلی بار پیپلز لبریشن آرمی چائنہ کی تینوں افواج کے دستے بھی موجود تھے۔پاک فوج  کی خواتین کا دستہ بھی پیش پیش تھا، فلائی پاسٹ میں ایف 16، جے ایف 17 اورمیراج طیارے بھی شریک ہوئے،جنوبی افریقا کی فوج کے سربراہ سمیت غیرملکی مہمانوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔

صدر مملکت ممنون حسین کی آمد کا بگل بجا کر اعلان کیا گیا ، بگھی میں سوارصدر ممنون حسین اپنے خصوصی گھڑ سوار دستے کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ پہنچے ، وزیراعظم محمد نوازشریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر کا استقبال کیا ، جیپ میں سوارصدر نے پریڈ میں حصہ لینے والے فوجی دستوں کا معائنہ کیا بعد میں صدر کو سلامی کے چبوترے پر لے جایا گیا ، فوجی بینڈ نے قومی ترانہ بجایا اور سلامی دی اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف پریڈ گراؤنڈ پہنچے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، بحریہ کے سربراہ محمد ذکا اللہ اور دیگر نے انکااستقبال کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات وزیر دفاع سمیت اعلی اور سول افسران کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے پریڈ دیکھی۔  یوم پاکستان کے موقع پر جہاں عسکری قوت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا وہیں فلوٹس کے زریعے ثقافت کے رنگ بھی بکھیرے گئے ، پریڈ گراؤنڈ میں فلوٹ پر کشمیری ثقافت کا منظر بھی پیش کیا گیا ، فلوٹ کے آگے روایتی کھیل گتکے کا مظاہرہ کیا گیا ، بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے فلوٹ کو منی بلوچستان کے انداز میں پیش کیا گیا جس میں بلوچ ثقافت کے تمام رنگ نمایاں تھے ، کوہ پیماؤں کی جنت گلگت بلتستان کا فلوٹ بھی اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ سلامی دیتا ہوا چبوترے کے سامنے سے گزرا ، خیبر پختونخوا کے فلوٹ پر خیبر پاس کا علامتی گیٹ اپنی تمام شان کے ساتھ موجود تھا ، فلوٹ میں شامل افراد نے روایتی خٹک ڈانس کرتے ہوئے سلامی دی ، صوفیوں کی سرزمین سندھ کے فلوٹ پر سچل سر مست کا مزار پر شکوہ بھی بنایا گیا تھا فلوٹ پر سندھی ثقافت کے رنگ بکھرے نظر آئے ، پانچ دریاؤں کی سرزمین پنجاب کا فلوٹ بھی ، رنگا رنگ ثقافت کے ساتھ روایتی رقص کرتا ہوا سلامی دیتا ہواچبوترے کے سامنے سے گزرا۔ یوم پاکستان کی تقریب میں ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ایف 16 طیارے میں انٹری دیتے ہوئے مہمانوں کو سلامی پیش کی ، پاک فضائیہ ، آرمی اور نیوی کے طیاروں کی شاندار فلائی پاسٹ سے شرکاء پرجوش ہوگئے۔ پریڈ میں تین دوست ممالک نے خصوصی طور پر شرکت کی ، چین ، ترکی اور سعودی عرب کے فوجی دستوں نے شاندارپریڈ کی ، دستوں نے صدر کو سلامی پیش کی۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website