کراچی………آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، اعلی سطح کے اجلاس کے دوران کراچی میں قیام امن کے لیے فوج، رینجرز، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور ہیڈکوارٹر کراچی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے شرکت کی۔
اجلاس میں آرمی چیف کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل راحیل شریف نے کراچی میں جاری آپریشنز کے ذریعے امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے پر فوج، رینجرز، انٹیلی جنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکورٹی یقینی بنانے پر بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔