اعلی سطح اجلاس میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس اور افغان صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی
اسلام آباد (یس اُردو) وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب اور کراچی آپریشن میں پیشرفت پر اطمینان اور جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ وزیر اعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس اور افغان صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چودھری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شرکت کی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ ، معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی ، اجلاس میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔ ملاقات میں افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے اجلاس کو پاک بھارت قومی سلامتی مشیران کے درمیان ملاقات میں ہونیوالی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا ۔ دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف نے ون آن ون ملاقات کی جس میں ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملک کی مجموعی سیکورٹی کی صورتحال اور دہشتگردوں کو سزاؤں کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا ، سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشنز میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔