کوئٹہ میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا ۔ پشاور میں پولیس نے پنجاب اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ گوجرانوالہ میں پشاور سے آنے والا اسلحہ پکڑا گیا ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب میں حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرلیا۔اسلحے میں تین سب مشین گنیں اور دو پستولوں کے علاوہ 70 کلو گرام بارود اور دو خودکش جیکٹ بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ موٹرسائیکل پر نصب 2دیسی ساختہ بم اور لاکھوں روپے کی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔
پشاور کے علاقے متنی میں ارباب ٹاپو چیک پوسٹ پر لگائے گئے ناکے پر گاڑی کی تلاشی لی گئی ۔ تلاشی میں گاڑی کے خفیہ خانوں سے 100 کے قریب بندوقیں تحویل میں لیں ۔ جس میں 20 کلاشنکوفیں اور 80 بارہ بور کی بندوقیں شامل تھیں ۔ گاڑی سے 2 ہزار کارتوس بھی برآمد ہوئے ۔پولیس نے اسمگلر ملزم عباد اللہ کو بھی گرفتار کیا ۔پولیس حکام کے مطابق اسلحہ پنجاب اسمگل کیا جانا تھا ۔
ادھر گوجرانوالہ میں جنرل بس اسٹینڈ پر پولیس نے پشاور سے آنے والی مسافر بس کی تلاشی لی تو خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ۔ اسلحے میں 41 رائفل، 38 پستول اور ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔ پولیس نے تین ملزمان نجیب اللہ ، کلیم اور ہارون کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔