بین الاقوامی برادری کو غیر ملکی دہشتگردوں کی تنظؓیموں اور سہولت کاروں کی مالی معاونت بند کرنا ہوگی :جنرل راحیل شریف کا سیمینار سے خطاب
گوادر (یس اُردو) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں اقتصادی راہداری کے خلاف کام کر رہی ہیں ، “را ” دیدہ دلیری کے ساتھ پاکستان اور راہداری منصوبے کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے لیکن ان کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے ۔ “را” بھی سن لے پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی کان کھول کر سن لیں ، ان کے ناپاک اور مذموم مقاصد کو پاش پاش کر دیں گے ، آرمی چیف کی للکار ۔ گوادر میں اقتصادی راہداری سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بین الاقوامی برادری کو غیر ملکی دہشت گردوں کی تنظیموں اور سہولت کاروں کی مالی معاونت کو بند کرنا ہوگا ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں اقتصادی راہداری کے خلاف کام کررہی ہیں ، را دیدہ دلیری کے ساتھ پاکستان اور راہداری منصوبے کو غیرمستحکم کرنے میں ملوث ہے ، اقتصادی راہداری کی حفاظت قومی فریضہ ہے ۔ عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور اور تانے بانے ختم کردیں گے ، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب صرف آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جس کا مقصد دہشتگردوں ، انتہا پسندوں اور کرپشن کا خاتمہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف سخت لڑائی کے مرحلے سے گزر چکے ہیں ، قبائلی علاقوں میں ملٹری آپریشن آخری مراحل میں ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا باعث بنے گی ، اس منصوبے کے سب سے زیادہ فوائد بلوچستان کے عوام کو ہی ملیں گے ، بلوچستان اور گوادر کی تقدیر تبدیل کریں گے ، آرمی چیف آرمی چیف نے گوادر کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا ۔