آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے ہر سطح پر احتساب لازمی ہے ۔ کرپشن کے خاتمے تک ملک میں امن وامان کا قیام ممکن نہیں۔
راولپنڈی: (یس اُردو) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سگنل رجمنٹل سینٹر کوہاٹ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے میجر جنرل سہیل احمد زیدی کو کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ سول انتظامیہ اور مسلح افواج ملکر دہشت گردی کو شکست دے رہے ہیں۔ ملک سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے جا رہے ہیں۔ قوم کے تعاون سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہر سطح پر احتساب لازمی ہے کیونکہ کرپشن کے خاتمے تک امن و امان کا قیام ممکن نہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا پاک فوج قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اٹھائے جانے والے ہر قدم کی حمایت کرے گی۔ واضح رہے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انھیں آپریشن ضرب کے آخری مرحلے پر بریفنگ دی گئی تھی۔ آرمی چیف نے شوال میں دہشت گردوں کیخلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے علاقے میں حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔