اسلام آباد (ایجنسیاں) سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بلا شبہ فوج کی تاریخ میں بہترین اننگز کھیل رہے ہیں کیونکہ قومی سلامتی کے حوالے سے ہمیں شدید چیلنجز درپیش ہیں ۔وہ راولپنڈی میں پاک فوج کے رفقائے کار کی عید ملن پارٹی کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔نیوز ایجنسیسے بات چیت کر تے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے بتا یا کہ عیدالاضحی کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے عسکریت پسندی کو کچلنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔جنرل (ر)عبدالقیوم نے منگل کو نماز عیداپنے آبائی علاقے چکوال میں ادا کی اور صبح سے سہ پہر تک چکوال کے لوگوں سے عید ملتے رہے اور سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے قربانی کی بعد ازاں وہ راولپنڈی پہنچے جہاں پاک فوج کے رفقائے کار کی عید ملن پارٹی میں شامل ہوئے ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بری فوج کے سربراہ جنر ل راحیل شریف جس طرح ملکی سلامتی ‘درپیش چینلجز کے حوالے سے کام کر رہے ہیں وہ پاک فوج کی تاریخ میں بہترین اور نمایاں اننگز کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔