راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کردیا ہے ، آرمی چیف کیساتھ ان کی اہلیہ نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق عام انتخابات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ راولپنڈی میں ووٹ کاسٹ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایف جی قائداعظم سیکنڈری سکول چکلالہ پی پی 11 پولنگ سٹیشن نمبر 45 پر ووٹ کاسٹ کیا۔ہم پاکستان کےخلاف کام کرنے والی دشمن قوتوں کا نشانہ ہیں، ہم نے ان دشمن قوتوں کوناکام بنانے کیلئے طویل سفر طے کیا ہے، آج ہم دشمن قوتوں کو ووٹ کے ذریعے شکست دیں گے۔پاک فوج کے سپہ سالارنے کہا کہ ہم دشمن قوتوں کو شکست دینے کےلئے متحد اور مضبوط کھڑے ہیں، لوگ گھروں سے باہر نکلیں اور بلاخوف ووٹ ڈالیں۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مجموعی طورپر آٹھ لاکھ سیکیورٹی اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں ساڑھے تین لاکھ پاک فوج کے جوان بھی شامل ہیں ۔پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشن پر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھے ہوئے انتہائی شاندار طریقے سے فرائض کی انجام دہی کر رہے ہیں اور اس موقع پر پاکستانیوں نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ محبت کا ایسا اظہار کر دیاہے کہ تصویروں نے سوشل میڈیا سمیت ہر طرف خوشیاں بکھیر دی ہیں ۔