اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہےپاک فوج نظم ضبط کی پابند ہے اس لئے چند افسران کا مل کر آرمی چیف کو تبدیل کردینا ناممکن ہے۔
اسلام آباد میں نادرا کے آن لائن درخواست فارم سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں حکومت اور انتظامی امور چلانا آسان نہیں، تحریک انصاف کے دھرنے پر وہ ایک پوری کتاب لکھ سکتے ہیں لیکن گندے کپڑے چوراہے پر دھونا ٹھیک نہیں، سیاسی لوگوں کے بارے میں سازشوں کی بات ہوتی رہتی ہے لیکن فوج کبھی بھی اس قسم کے تنازعات کا حصہ نہیں بنی۔ ہم حالت جنگ میں ہیں اور ہمارا دشمن گلیوں کوچوں اور بازاروں چھپا ہوا ہے۔
فوج کے خلاف بیانات دینا ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ پاک فوج نظم ضبط کی پابند اور دنیا کی بہترین فوج ہے، ملک میں امن کے لئے پاک فوج کی قربانیاں قابل فخر ہیں، پاکستانی فوج وہ واحد فوج ہے جس نے گوریلا جنگ میں کامیابی حاصل کی، یہ ممکن ہی نہیں کہ چند افسر مل کر آرمی چیف کو تبدیل کردیں، موجودہ آرمی چیف کو حکومت ، فوج اور پوری قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ نادرا وہ ادارہ ہے جس پر پاکستان فخر کرسکتا ہے،حکومت نے نادرا کو قومی مفادکا مینڈیٹ دیا ہے، پیپلز پارٹی کے آخری دور میں نادرا خسارے میں تھا، ہمارے دور میں ادارے کو 5 ارب روپے کا فائدہ ہوا، ان کی ذاتی خواہش ہے کہ نادرا کا ادارہ شفاف ہو، گزشتہ ادوار میں نادرا نے لاکھوں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے، 2011 میں 26، 2012 میں 493، 2013 میں 6 ہزار اور رواں سال کے 6 مہینوں میں 60 ہزار شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکی ویزا آن لائن ہوسکتا ہے تو ہمارا کیوں نہیں ، ڈی جی پاسپورٹ نے اس بات پر فوری عمل کرتے ہوئے آن لائن درخواست فارم سسٹم کا آغاز کردیا۔ پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے والے کو بائیو میٹرک کروانا ہوگا۔ اس کے علاوہ آیندہ 6ماہ میں نادرا کی ڈی این اے لیب بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔