قطر کے وزیر دفاع نے علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوششوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا
اسلام آباد: قطر کے وزیر مملکت دفاع کی سربراہ پاک فوج راحیل شریف سے ملاقات ہوئی ۔ دونوں برادر ممالک میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق قطر کے وزیر مملکت برائے دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر دفاعی اور سیکورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ نے علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوششوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا ۔ اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر قطر کے وزیر مملکت برائے دفاع کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ ڈاکٹر خالد بن محمد نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی ۔