اسلام آباد (ویب ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔یوم آزادی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ کشمیر کی حقیقت تبدیل نہیں کی جاسکتی، 1947 میں کاغذ کا ایک غیرقانونی ٹکڑا کشمیر کی حیثیت بدل سکانہ بدل سکے گا‘نہ ہی کوئی اور کشمیر کی حقیقت اب یا مستقبل میں تبدیل کرسکتا ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غاصبانہ عزائم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑاہے اور رہے گا‘ہم کسی بھی قیمت پر ظلم کے خلاف کھڑے رہیں گے،جموں و کشمیر کے تقدس کا بھرپور اَدراک ہے ہم کشمیر کاز کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ہروقت تیار ہیں۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھارتی وزیراعظم کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم مودی کے ہاتھ توڑ دیں گے لیکن کشمیر پر قبضہ نہیں کرنے دینگے، مدد کیلئے ٹرمپ کی بجائے ہمیں اللہ تعالی کی طرف دیکھنا ہے،ٹرمپ کارڈ کی بجائے پاکستانی کارڈ کھیلنا ہوگا۔ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر پارلیمنٹ کو بے اثر اور جمہوریت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادی ہمارے لئے خدا تعالیٰ کی طرف سے عظیم نعمت اور بانی اجداد کا بیش بہا تحفہ ہے۔ لاہور میںمسلم لیگ(ن) کے سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کیلئے خون کے نذرانے پیش کیے گئے، پاکستان کو آزاد ہوئے 72 سال ہو چکے ہیں جو نعمت اللہ نے عطا کی اسکا سہرا قائداعظم کی لیڈر شپ کوجاتا ہے، لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا کو عبور کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، گجرات کے قاتل مودی نے اب کشمیریوں پر ظلم ڈھائے، قائداعظم نے فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم مودی کے ہاتھ توڑ دیں گے لیکن کشمیر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، مودی ہزاروں مسلمانوں کا قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے 370 اور 35 اے ختم کرکے برا خواب دیکھا ہے۔