شیخ القرآن علامہ غلام علی اوکاڑوی کے جانشین حضرت صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی صاحب” کو گرفتار کرنے پر ڈی پی او اکاڑہ اور پولیس انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہیں
پیرس(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئرراہنما قاری فاروق احمد فاروقی نے صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی کی گرفتاری کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی کا قصور صرف اتنا ہے کہ انہوں نے میلاد مصطفی ﷺکے موقع پر طالبان اور ان کےحمایتیوں کی مذمت کی ہے اور طالبان کےبد امنی پیدا کرنے کے کردار کو بے نقاب کرنے پر قومی سطح کے راہنما کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلنا ہر گز انصاف نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے خلاف آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ کلمہ حق صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی نے بلند کیا اس پر ان کے ساتھ ناروا سلوک پر ڈی پی او اوکاڑہ اور ڈی سی او کو معطل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے قوم کی شدید دل آزاری کی ہے اور غلط اور جھوٹے بے بنیاد الزامات پر صاحبزادہ فضل الرحمن کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مولانا غلام علی اوکاڑوی کے جانشین صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مبینہ طور پر مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام پر انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ سات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
گزشتہ شب وہ اپنے مدرسے سے گھر جا رہے تھے کہ پولیس نے ان کو گرفتار کر لیا اور آج صبح انہیں ساہیوال کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کے اس اقدام کے بعد ضلع اوکاڑہ میں سیاسی، مذہبی، صحافتی، تجارتی اور مذہبی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
مختلف طبقہ ہائے زندگی کے لوگ خصوصاً مذہبی تنظیموں کے طلباء اور علماء کرام صبح سے پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر بیٹھے ہوئے ہیں اور صاحبزادہ فضل الرحمن اوکاڑوی کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔