اسلام آباد(ویب ڈیسک) امریکا جانے کا خواب متعدد افراد دیکھتے ہیں اور اپنے خوابوں کی سرزمین پر پہنچنے کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں، مگر ایسا تو کبھی نہیں سنا ہوگا کہ کوئی اس کے لیے بوڑھا ہوجائے۔جی ہاں ایسا دلچسپ واقعہ پیش آیا جب 32 سالہ شخص نے ایک 81 سالہ بوڑھے فرد کا متاثر کن بہروپ بدلا اور پھر جعلی پاسپورٹ پر امریکا جانے کی کوشش کی۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مصروف ترین اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیش آیا جہاں اتوار کی شب جے یش پٹیل نامی شخص عملے کی توجہ کا مرکز بن گیا۔سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے ایک عہدیدار سکرانت کشور نے سی این این کو بتایا ‘یہ شخص خود کو بہت زیادہ معمر اور معذور ظاہر کیا، جب اس سے وہیل چیئر سے کھڑا ہونے کا کہا گیا تو پٹیل کا جواب تھا کہ وہ کھڑا نہیں ہوسکتا، جب پوچھا گیا کہ کیا وہ سپورٹ کے ساتھ کھڑا ہوسکتا ہے، تو بادل نخواستہ کھڑا ہوا’۔یہ وہ موقع تھا جب عملے کو محسوس ہوا کہ مسافر کی داڑھی اور بال تو سفید ہیں مگر ان کی جڑیں سیاہ ہیں، جبکہ عملے کی نظروں سے بچنے کے لیے اس نے تیز چلنا بھی شروع کردیا۔یہ رات گئے نیویارک جانے والی پرواز میں سوار ہونا چاہتا تھا اور جب اس سے دستاویزات طلب کی گئیں تو اس نے جو پاسپورٹ دیا، اس کے مطابق اس کا نام امریک سنگھ تھا جبکہ پیدائش فروری 1938 کی درج تھی، یعنی 81 سال عمر۔تاہم سکرانت کشور کے مطابق ‘وہ کسی بھی طرح 80 سال کا نہیں تھا، اس کی جلد جوان فرد جیسی تھی’۔سی آئی ایس ایف کے ایک اور عہدیدار ہرمیندر سنگھ کے مطابق ‘اس شخص نے ابتدائی سیکیورٹی چیک کو دھوکا دے دیا تھا اور امیگریشن کلیئر کردیا گیا تھا ‘۔انہوں نے مزید بتایا ‘سی آئی ایس ایف کو شک ہوا تھا کہ اس کی آواز عمر سے مطابقت نہیں رکھتی، جبکہ سفید بالوں کے برعکس اس کی جلد سے وہ جوان لگتا تھا جبکہ چہرے پر کسی قسم کی جھریاں بھی موجود نہیں تھیں’۔اس کے بعد جب مزید پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بوڑھے شخص کا بہروپ بدلنے اور جعلی پاسپورٹ کے استعمال کا اعتراف کرلیا اور بتایا کہ وہ ریاست گجرات کا رہنے والا ہے۔چونکہ اس کے پاس جعلی پاسپورٹ تھا تو اسے حراست میں لے کر امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دہلی پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ شخص امریکا ملازمت کے لیے جانا جاتا تھا، جس کے لیے اس نے داڑھی بڑھائی اور پھر بالوں کو سفید رنگ سے ڈائی کرلیا ‘پھر اس نے موٹے چشمے اور پگڑی کو پہن لیا، جبکہ وہ ایک معمر شخص کی طرح چلنے کی بھی کوشش کرتا رہا’۔