لاہور: سانحہ گلشن اقبال پارک میں ریکی کرنے والے 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ دھماکے میں ملوث 8 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) کے مطابق لاہور میں واقع گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث 2 مرکزی ملزمان شاہداللہ اور خان زیب کو گرفتار کرلیا گیا، دونوں دہشت گردوں نے گلشن اقبال پارک کی ریکی کی جب کہ خودکش بمبار کو برقعے میں پارک لے کر گئے اور دھماکے کے وقت دونوں ملزمان پارک کے باہر موجود تھے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکے کی منصوبہ بندی کالعدم تنظیم کے لاہورکے امیرمحمد خان نے کی، حملہ آور کو شوکت اور توکل جان نےخود کش جیکٹ بنا کردی جب کہ خودکش حملہ مہمند ایجنسی کے رہائشی ناصرنے کیا جو 2 دن تک شہر میں مقیم رہا اور برقع پہن کر ٹوٹی دیوار سے پارک میں داخل ہوا، دھماکے میں ملوث 8 ملزمان تاحال مفرور ہیں جب کہ مفرور ملزمان میں حکم خان، مزمل خان،عبدالحنان، توکل جان، محمد خان، شوکت خان ،ابراہیم خان اور اعتبار شاہ شامل ہیں۔واضح رہے لاہور میں گلشن اقبال پارک میں خود کش حملے کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔