ممبئی (نیوز ڈیسک ) بالی ووڈ اداکار ارباز خان نے بھی دوسری شادی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ وہ ماڈل گرل جارجیا ایڈریانی کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوسکتے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو کے دوران ارباز خان نے ملائیکہ اروڑا سے اپنی طلاق اور دوسری شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ارباز خان کی سابق اہلیہ ملائیکہ اروڑا ان دنوں ارجن کپور کے ساتھ رشتے میں ہیں اور ممکنہ طور پر دونوں اسی مہینے شادی کرسکتے ہیں۔ارباز خان نے بتایا کہ طلاق کے بعد ان کا شادی سے بھروسہ نہیں اٹھا اور نہ ہی انہوں نے طلاق سے خود کو مایوس ہونے دیا ہے، وہ اپنے گزشتہ تجربات سے بالکل بھی مایوس نہیں اور نہ ہی ان کے دل میں کوئی کڑواہٹ ہے۔ انہوں نے دوبارہ شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی میں دوبارہ خوشی آسکتی ہے اور ممکن ہے کہ وہ دوبارہ بھی شادی کریں لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ کب صحیح موقع، شخص اور حالات بنتے ہیں۔ارباز خان نے دوسرے لوگوں کو بھی شادی کا مشورہ دیا اور کہا کہ لوگوں کو شادی ضرور کرنی چاہیے کیونکہ ایسا ہزاروں سالوں سے چلتا آرہا ہے، یہ ایسے ہی ہے جیسے سب کو پتا ہے کہ ایک دن مرنا ہے تو کیا اس کی وجہ سے جینا چھوڑ دیا جائے؟۔
خیال رہے کہ ارباز خان اپنی سابق اہلیہ سے طلاق کے بعد ماڈل گرل جارجیا ایڈریانی کے ساتھ رشتے میں ہیں اور ان کے ساتھ شادی کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ جارجیا کے ساتھ پہلے ہی شادی کرسکتے تھے لیکن اہلخانہ کے دباﺅ کے باعث ایسا نہیں کرپائے تھے اور ان کے حالیہ بیان کے بعد لگتا ہے کہ ان کی شادی کے معاملے پر جمی برف پگھلنے لگی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنی اہلیہ ملائیکہ اروڑا سے علیحدگی اختیار کی تھی جس کے بعد ملائیکہ اروڑا نے ارجن کپور کے ساتھ پیار کی پینگیں ڈال لیں اور دونوں نے شادی کر کے ایک ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔