لاہور: ہیڈ کوچ مکی آرتھر چیمپئنز ٹرافی کی رپورٹ ممکنہ طور پر جمعرات کو جمع کرائیں گے۔
مکی آرتھر کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے رپورٹ جمعرات کو جمع کرائے جانے کا امکان ہے، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی انگلینڈ سے وطن واپسی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شیڈول تھی، کوچ ان سے ملاقات بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ نے سینئر بولرز کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی نشاندہی کردی ہے، انھوں نے حسن علی کو دوسروں کیلیے ایک مثال قرار دیا، احمد شہزاد کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اظہر علی کی پرفارمنس کو سراہا۔ کوچ نے فٹنس مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ عمراکمل جیسی مثالیں جونیئرز کے سامنے نہیں آنا چاہئیں۔ قومی ٹیم کی فوری طور پر کوئی مصروفیات نہ ہونے کی وجہ سے رخصت کے بعد پاکستان آنے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہائی پرفارمنس میں شریک کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا مشن شروع کردیا۔
گزشتہ روز جم ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے جسمانی استعداد بنانے کیلیے میدان میں ڈرلز کا سلسلہ جاری رکھا، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مشورے دیے، شام کو کھیل میں مہارت بہتر بنانے کیلیے کام کیا گیا، این سی اے کوچز کے ساتھ گرانٹ فلاور نے سلمان بٹ، عثمان صلاح الدین، محمد حسن اور بلال آصف کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بہتری لانے کے مشورے دیے،بلاول بھٹی، فہیم اشرف اور محمد عرفان جونیئر کی بولنگ کا بھی بغور جائزہ لیا گیا،ہیڈ کوچ پلیئرز کی نیٹ میں کارکردگی دیکھتے ہوئے اچھے اسٹروکس اور گیندوں کو سراہتے نظر آئے۔