نئی دلی ……عام کپڑے،معمولی جوتے،عوامی انداز،دلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی سادگی بھارت کے عام آدمیوں کے لئے شرمندگی بنتی جا رہی ہے۔
اروند کیجریوال کو حال ہی میں ایک بھارتی بزنس مین سمت اگروال نے خط بھیجا ہے جس کے ساتھ تین سو چونسٹھ روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ بھی منسلک ہے۔خط میں سمیت اگروال نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی سے نئے جوتے خریدنے کی درخواست کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دلی کے وزیر اعلی عام دنوں میں جو لباس پہنتے ہیں وہی خاص دنوں میں بھی پہننے سے نہیں گھبراتے۔ہرا سوئٹر،اس کےاندر سے جھانکتا سفید شرٹ کا کالر،عام سیاہ ٹراوزر ،پاوں میں موزے اور کھلی سینڈل پہن کر وہ اس تقریب میں شریک ہوئے جو بھارت کے دورے پر آئے فرانسیسی صدر کے اعزاز میں راشٹرا پتی بھون میں دی گئی تھی۔سمت نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ وزیر اعلی کواپنے لباس کا خیال رکھنا چاہئے تھا وہ سرکاری عشائیہ میں شرکت کرنے جا رہے تھے کسی دوست کی برتھ ڈے پارٹی میں نہیں۔وزیر اعلی کے اس ڈریسنگ اسٹائل کو بھارتی میڈیا نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہےکیوں کہ اس تقریب میں بھارتی ہی نہیں غیر ملکی اعلی حکام بھی موجود تھے۔