اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ احتساب کی بات ہو تو حکمرانوں کو جمہوریت یاد آجاتی ہے لیکن میاں صاحب سن لیں میں جب تک زندہ ہوں ان کا پیچھا کرتا رہوں گا اور نوازشریف کو جانا ہوگا۔
بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود بنی گالہ بند کیا، آج اسکول اور میٹرو بھی بند کروائے گئے حالانکہ ہم نے تو کچھ نہیں کیا اور مجھے گھر میں نظر بند کیا گیا ، بتایا جائے میں نے کون سا قانون توڑا جب کہ پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو بھی بنی گالہ میں آنے نہیں دیا گیا، یہ کون سی جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف بی آر سمیت عدلیہ بھی اس وقت ٹرائل پر ہے کیوں کہ عدلیہ کا کام ہے کہ وہ انسانوں کو تحفظ فراہم کرے اور اب میڈیا پر بھی رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں جب کہ احتساب کی بات ہو تو حکمرانوں کو جمہوریت یاد آجاتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے جمہوریت یاد آتی ہے اور تمام کرپٹ حکمران ان کے ساتھ مل جاتے ہیں جو ان کی کرپشن سے فوائد حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کیا گیا لیکن اب تک انصاف نہیں ملا اور جنہوں نے معصوم لوگوں پر گولیاں چلائی ان کو شریف برادران سمیت جیل میں ڈالا جائے گا۔ میاں صاحب سن لو، میں جب تک زندہ ہوں تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گا ،جیلوں میں ڈالو یا نظر بند کرو، آپ کا احتساب ہو کررہے گا اور نوازشریف کو جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2 نومبر کو جو عوامی ریلا آئے گا وہ پولیس کو بہا کر ڈی چوک تک لے جائے گا، نظربند ہونے سے مجھے اورمیرے کارکنوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا جب کہ اپنی کرپشن بچانے کے لیے نوازشریف تمام حدود پار کرلیتے ہیں اور سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے لیکن ہم عوام کی طاقت سے اس ملک کی تقدیر بدلیں گے۔