حکومت کیخلاف وکلا کو استعمال کرنا بھونڈی سازش ہے، ن لیگ کا لندن پلان بے نقاب ہوچکا ہے، اصغر برہان
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے سابق جنرل سیکرٹری اصغر برہان نے کہا ہے کہ ملک میں وکلاتحریک جیسی سازشوں کی بہت عرصہ سے کوشش کی جارہی تھی۔ پہلے جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس کو شفاف طریقے سے چلنے نہ دیا گیا اور حکومت کیخلاف ملک گیروکلا احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اپوزیشن کے گلوبٹوں کی مدد سے ترتیب دی گئ اور حکومت نے اپنی حکمت اور انتہائی معاملہ فہمی سے کام لیتے ہوئے اس غبارے سے ہوا نکال دی۔ مگر اب انتہائی معمولی نوعیت کے ڈاکٹرز اوروکلا تنازع کو بنیاد بنا کر وکلا تنظیموں کی آڑ میں پاکستان کے انتہائی معتبر طبی ادارے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا اور ایجیٹیشن کی کوشش کی گئی جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لندن پہنچتے ہی بیمار میاں محمد نوا زشریف نے پوری مسلم لیگ ن کی کچن کیبنٹ لندن بلوا لی ۔ ان کا یہ اقدام علاج معالجے کا بھانڈا پھوڑنے کیلئے کافی تھا ۔جیسا کہ ان مشکوک سرگرمیوں پر تقریباً تمام دانشوروں اور صحافیوں نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔یہ اسی مشکوک میٹنگ کا شاخسانہ ہے کہ لاہور میں وکلا کے ذریعے ایک انتہائی معمولی نوعیت کے ڈاکٹرز اوروکلا تنازع کو بنیاد بنا کر پاکستان کے انتہائی معتبر طبی ادارے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ حکومت کو چاہیے کہ پوری دنیا کے سامنے ہونے والے اس تماشے کو بے نقاب کرنے اور ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دینے کیلئے ہر حد تک جائے تاکہ پاکستان سے باہر بیٹھے ان بے روزگار سیاستدانوں کی سازشوں کی مکمل سرکوبی ہوسکے۔