اسلام آباد: سپریم کورٹ میں اصغرخان عملدرآمد، نندی پور پلانٹ کرپشن اور تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیسز سمیت اہم مقدمات کی سماعت 31 مئی کو ہو گی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ یہ مقدمات سنے گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے جو 31 مئی کو اصغرخان عملدرآمد کیس کی سماعت کریں گے، عدالت نے اس مقدمے میں ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
سرکاری بھرتیوں پر پابندی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کیس بھی اسی روز سنا جائے گا، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ عدالت عالیہ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ اس مقدمے میں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
نندی پور پاور پلانٹ آؤٹ سورس کرنے میں کرپشن کیخلاف آئینی پٹیشن پر سماعت بھی 31 مئی کو ہو گی، فرزند علی نامی شخص کی درخواست پر چیئرمین واپڈا، سیکرٹری توانائی اوراٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے، غیر متعلقہ افراد کو سیکورٹی فراہم کرنے اور سرکاری افسران کے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق مقدمات بھی اسی روز سنے جائیں گے، عدالت عظمیٰ نے ان مقدمات میں اٹارنی جنرل و دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔