آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سے ایڈیلیڈ میں شروع ہوگا،آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا جائےگا،دوسری طرف انگلینڈ اس میچ کو جیتنے کےلئے کافی فوکس ہے لیکن معین علی کی شرکت مشکوک ہے۔
ایڈیلیڈ اوول میں کل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لئے دونوں ٹیموں کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں ہیں،پہلا ایشز ٹیسٹ آسٹریلیا نے دس وکٹوں سے جیت کرانگلش کیمپ میں کھلبلی مچادی ہے۔ آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ نے پر ی میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم وننگ ٹریک پر ہے ،برسبین ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم کے ساتھ ہی ایڈیلیڈ میں اتریں گے ،ان کی ٹیم نے پہلا ہی میچ جیت کر برتری حاصل کرلی ہے،یہ پرفارمنس برقرار رکھی جائے گی۔ دوسری جانب انگلش کیپٹن جو روٹ دوسرا ٹیسٹ جیتنے کےلئے کافی پرامیدہیںلیکن پریشانی کی خبر یہ ہے کہ آل راؤنڈر معین علی کی شمولیت سوالیہ نشان ہے وہ انگلی کی انجری کے باعث ریکوری فیزمیں ہیں۔ جو روٹ کا کہنا ہے کہ بیٹنگ اور بولنگ پر محنت کررہے ہیں،دوسرا میچ جیتنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔