مقبوضہ کشمیر میں ہر روز یوم شہدا بن چکا، مودی سرکار کے گمراہ کن پراپیگنڈہ مہم کے جواب میں وزیراعظم کے زیرقیادت کشمیر آور مہم بھرپور کامیابی حاصل کریگی، چوہدری اشفاق جٹ
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اوورسیز یونٹی فرانس کے صدر چوہدری اشفاق جٹ نے وزیراعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق کل جمعہ المبارک سے شروع ہونے والی کشمیر آور مہم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی تحریک کا نئے سرے سے وزیراعظم پاکستان کی زیر قیادت آغاز ہورہا ہے۔ کشمیری عوام پہلے تنہا تھے نہ ہیں اور نہ ہوں گے جبکہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں نیز ہم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت و آزادی دلوانے کیلئے آخری سانس تک کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
جمعرات کے روز پیرس میں میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں غیرقانونی و غیر آئینی اقدام کی دنیا بھر میں مذمت ہو رہی ہے اس لئے اس موقع پر پاکستانی عوام کو ایک لائحہ عمل پر جمع کرنے کا حکومتی اقدام نہائت بروقت اور درررس اثرات کا حامل ہے کیونکہ عالمی دبائو کے باوجود بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنا دیا ہے اورمسلسل کرفیو کے باعث کشمیری عوام ناقابل بیان اذیت سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریو ں پربھارتی فوج کی بربریت پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی مزید خاموشی ایک مجرمانہ غفلت ہو گی اسکے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے انسانی سانحہ سے بچنے کیلئے بین الاقوامی برادری کو بھی بیدار ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر پوری دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیراور بھارت کی مکاری کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔