پیرس، ممتاز سیاسی وکاروباری شخصیت آصف چوہدری تحریک انصاف فرانس کے جنرل سیکرٹری نامزد، مرکزی راہنمائوں اورکارکنوں سے اظہار تشکر، پارٹی منشور کی بالادستی مقدم رکھنے کا عزم
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس نے ممتاز سیاسی وکاروباری شخصیت آصف چوہدری کو جنرل سیکرٹری نامزد کردیا۔ تحریک انصاف کے مرکزی راہنمائوں اورکارکنوں نے اس موقع پر آصف چوہدری کو مبارکباد پیش کی۔
آصف چوہدری نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اورفرانس کے ساتھی راہنمائوں اورکارکنوں کے بھرپور اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اعتماد اوربھروسے کو اپنے لئے نہائت انمول تحفہ قرار دیتے ہوئے پارٹی منشور کی بالادستی کو مقدم رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انشااللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریاست مدینہ جیسی ریاست پاکستان بنانے میں سرخرو ہوگی اور اس مقصد کیلئے ہر حد سے گزر جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے بنیادی اصولوں پر استوار اسلامی فلاحی ریاست کا قیام پاکستان کے عوام کیلئے نہائت قیمتی تحفہ ہوگا۔ اس عظیم مقصد کیلئے وزیراعظم عمران خان کا کردار سب سے اہم ہے ان کا ویژن شاندار اور نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کیلئے بھی نہائت سودمند ثابت ہوگا۔