واشنگٹن: پاکستان تمام دہشت گرد اور شدت پسند تنظیموں کے خلاف ‘زیرو ٹالرینس’ کی پالیسی جاری رکھے ہوئے بلا امتیاز کارروائیاں کر رہا ہے: وزیر خارجہ
واشنگٹن میں وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ رک ٹلرسن نے صحافیوں سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کے مستقبل کے بارے میں تشویش ہے، مستحکم حکومت چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش کئی مسائل دونوں ممالک کے لیے مشترکہ ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے ہمیں ہر شعبہ میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی وزیرخارجہ کے مطابق پاک امریکا تعلق کو مضبوط بناناچاہتے ہیں۔
ادھر امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام دہشت گرد اور شدت پسند تنظیموں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی جاری رکھے ہوئے بلا امتیاز کارروائیاں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور خطے میں پائیدار امن و استحکام دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے امریکا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا افغانستان میں بھارتی کردار قبول نہیں، پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں تو ثبوت پیش کریں۔