آصف زرداری نے نواز شریف کو موقع پرست قرار دے دیا۔ بولے، میاں صاحب نے ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر اپنے معاملات سیدھے کیے۔ مشرف کے مواخذے پر بھی وعدہ خلافی کی۔ اب کسی صورت اُن سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔
مفاہمت کے بادشاہ کہلائے جانے والے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سینئیر پارٹی قائدین کے سامنے دل کا حال بتا دیا۔ نواز شریف نے کسی صورت ہاتھ نہ ملانے کا کہہ ڈالا۔ آصف علی زرداری کا دعوٰی ہےکہ نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھڑے ہونے کا کہہ کر خود مکر گئے۔ ہر موقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑایا اور خود اُن سے ہاتھ ملایا۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم سیاست کرتے رہے اور نواز شریف تجارت کرتے رہے۔ میں نے پرویز مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نواز شریف پییچھے ہٹ گئے۔ اینٹ سے اینٹ بجانے کے بیان تک ہمارے ساتھ ہاتھ کیا۔ کڑی تنقید کرتے ہوئے آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو جتنا بھولا سمجھتے ہیں وہ اُس سے کہیں زیادہ موقع پرست ہیں ، اب خود بھگتیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے تعلقات خراب کرنے میں فواد حسن فواد کا کردار نمایاں قرار دیا۔ یہ بھی کہا کہ سندھ میں نیب کو ہم پر مسلط کرنے والا کوئی اور نہیں نواز شریف ہیں۔اب کبھی ن لیگ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔