اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے صدر اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست واپس لے لی۔ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کے خلاف 20 دسمبر کو الیکشن کمیشنمیں درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نیویارک میں اپارٹمنٹ چھپانے پر انہیں نااہل کیا جائے۔ خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن میں دائر اپنی درخواست اب واپس لے لی اور بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف سپریم کورٹ جانا چاہتا ہوں اور وہیں ان کے خلاف پٹیشن دائر کریں گے۔ خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری اب بچ نہیں سکیں گے، ہمیں ایسے شواہد مل گئے ہیں جو صرف اعلیٰ فورم پر پیش کریں گے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے 27 دسمبر کو خرم شیر زمان کی درخواست کا جائزہ لے کر اس پرابتدائی سماعت کی منظوری دی تھی تاہم اب ان کی جانب سے درخواست واپس لے لی گئی ہے۔