ڈاکٹر عاصم کیس میں پیپلز پارٹی کے مفرور رہنماء قادر پٹیل کراچی پہنچ گئے، کہتے ہیں رینجرز نے طلب کیا ہے، ہر طرح کی معلومات فراہم کروں گا۔
کراچی: (یس اُردو) پیپلز پارٹی کے رہنماء قادر پٹیل دبئی سے نجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 602 سے کراچی پہنچے۔ قادر پٹیل ڈاکٹر عاصم کیس میں مفرور تھے جبکہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے مقدمے میں بھی رینجرز نے انھیں طلب کر رکھا ہے۔ قادر پٹیل نے اپنے وکیل کے ذریعے 8 اپریل کو ہی ڈاکٹر عاصم کیس میں اپنی ضمانت کروا لی تھی۔ کراچی آمد پر قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ مقدمات کا سامنا کروں گا، نہیں معلوم ڈاکٹر عاصم نے ان کا نام کیوں لیا۔ قادر پٹیل کہتے ہیں کہ میری ڈیل اپنے وطن سے ہے، ضمیر اور ہاتھ صاف ہوں تو کس بات کا ڈر۔قادر پٹیل کہتے ہیں کہ مجھے کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں میں خود پیپلز پارٹی ہوں۔ قادر پٹیل نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عاصم کا کیس کاغذی صورت میں موجود ہے باقی کسی کیس کا معلوم نہیں۔ قادر پٹیل پر دہشت گردوں کا علاج کرنے اور پناہ دینے کا الزام ہے جبکہ اسی کیس میں ملوث ایم کیو ایم کے رہنماؤں سمیت پاک سرزمین پارٹی کے انیس قائم خانی بھی ضمانت کروا چکے ہیں۔