کراچی133کراچی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں تفتیشی افسر کو کیس پراپرٹی کی فہرست تیار کرنے کا حکم دے دیا۔ کیس کی آئندہ سماعت کے لیے 22 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو دہشت گردوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ڈاکٹر عاصم کو پہلی مرتبہ ایس پی نمبر پلیٹ والی گاڑی میں عدالت پہنچایا گیا۔اس موقع پر کیس میں نامزد دیگر افراد ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر، روف صدیقی اور پاسبان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم بھی موجود تھے۔ دوران سماعت تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین نے 330 صفحات پر مشتمل کیس پراپرٹی عدالت میں پیش کی۔جس میں جے آئی ٹی رپورٹ ، ایف آئی آر اور اسپتال کے بل شامل تھے۔ اس موقع پر رینجرز کے وکلا نے ایک بار پھر تفتیشی افسر پر جانبدارانہ تفتیش کا اظہار کیا ۔عدالت نے دو مفرور ملزمان کا ریکارڈ نہ دینے پر نادرا حکام کو شو کاز نوٹس جاری کردیا جبکہ 3 مفرور ملزمان کے بھی ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔مفرور ملزمان میں سلیم شہزاد، انیس قائمخانی اور پیپلز پارٹی کے قادر پٹیل شامل ہیں۔