راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز اوران کے اہل خانہ کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اوران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیےلندن کے اسپتال میں پھولوں کا گلدستہ بھجوایاہے۔
واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی عرصے سے لندن میں علاج کی غرض سے مقیم ہیں تاہم پچھلے کچھ دنوں سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیاگیا ہے اور وہ اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ کلثوم نواز کی بیٹی مریم نواز نے اپنی والدہ کی خراب صحت کی اطلاع ٹوئٹر پر دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی والدہ کو دل کا دورہ پڑا ہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام لوگوں سے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔
دوسری جانب نواز شریف کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جب سے میں لندن آیا ہوں انہیں ہوش میں نہیں دیکھا۔