لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں درخواست گزار کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مقامی شہری کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ نہ دینے کے حق کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد پندرہ ملین ہے لیکن انہیں پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے ووٹ ڈالنا ان کا حق ہے اور انہیں اس سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن کو اس بارے میں انتظامات کرنے کی ہدایت کی جائے۔
جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں درخواست گزار کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کا انعقاد 25 جولائی کو کیا جائے گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا جاچکا ہے۔