اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وزراء کی ایوان میں غیر موجودگی افسوس ناک ہی نہیں تشویش ناک بھی ہے، ایسے وزراء کو وزراتوں میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس کے دوران وقفہ سوالات میں جوابات دینے کے لیے وزراء موجود نہیں تھےجس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدی نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ وفاقی وزیر اپنے متبادل وزیر مملکت یا پارلیمانی سیکرٹری کو بھی ایوان میں نہیں بھیجتے جو افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ وزیر اعظم کے نوٹس لے کر آؤں گا، عوام کے بعد یہ ایوان ہی ہے جس میں ہم سب جواب دہ ہیں، موسم کی خرابی، دھند یا ٹریفک میں پھنسنے کا کوئی بہانہ قابل قبول نہیں۔وزیر داخلہ نے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کو تجویز دی کہ وزراء کی عدم موجودگی کے باعث وقفہ سوالوات کل تک مؤخر کر دیں۔