لاہور (ویب ڈیسک) نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے بے نامی اکائونٹس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیب رپورٹ کے مطابق پیراگون میں ایگزیکٹو بلڈرز کی جانب سے خالدحسین کے اکائونٹ میں 6 ارب20کروڑ کی رقم جمع کرائی گئی۔رضیہ پروین نامی خاتون کے اکائونٹ میں بھی 13 کروڑ 74 لاکھ روپے منتقل کئے گئے ۔شمع ندیم کے اکائونٹ میں 9 کروڑ 69 لاکھ ایگزیکٹو بلڈرز کے اکائونٹ سے منتقل کئے گئے ۔ نیب حکام کے مطابق بینک اکائونٹس ہولڈرز اور سعد رفیق سے بے نامی اکائونٹس میں رقم منتقلی کے معاملے پرتحقیقات کی جائیں گی۔علاوہ ازیں نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھرکے گردبھی گھیراتنگ کر دیا۔ذرائع کے مطابق نیب نے ریجنل ٹیکس آفس سے حناربانی کھرکی انکم ٹیکس ادائیگی کی تفصیلات مانگ لی ہیں، ریجنل ٹیکس آفس کی سپیشل کمیٹی تشکیل دیدی گئی،7روز میں رپورٹ پیش کریگی۔نیب نے ملتان میٹروکرپشن کیس کی انویسٹی گیشن مکمل کرلی،کیس میں 3 ریفرنس دائرکئے جائیں گے ،ریفرنسز کی منظوری ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی۔احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ تیل چوری کیس میں 4 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ کی جانب سے کیس کے متعلق تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی۔احتساب عدالت نے این آئی سی ایل کرپشن کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت نے گجرات پولیس کرپشن کیس میں سابق ڈی پی او گجرات رائے اعجاز سمیت 4 ملزمان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کرپشن کیس میں 6 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی۔ایف آئی اے عدالت نے آصف ہاشمی کیخلاف گمشدہ فائل اور غیرقانونی سرمایہ کاری کے مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی، جبکہ سرمایہ کاری کیس کے حوالے سے ایف آئی اے کی جانب سے چالان پیش کر دیا گیا۔