لندن……ایتھلیٹکس میں ڈوپنگ اسکینڈل کے باعث کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی معروف کمپنی نے انٹرینشنل ایتھلیٹک فیڈریشن سے معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی اور آئی اے اے ایف کے درمیان 2008 میں 11 سال کا معاہدہ ہوا تھا جس کی مالیت تین کروڑ تیس لاکھ ڈالرز سے زیادہ تھی۔لیکن ڈوپنگ اسکینڈل کے باعث کمپنی نے اسپانسر شپ قبل از وقت ختم کر دی، اس کے نتیجے میں آئی اے اے ایف کی آمدنی میں لاکھوں ڈالر کی کمی ہو جائے گی۔اطلاعات کے مطابق کمپنی نے نومبر میں ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے آزاد کمیشن کی پہلی رپورٹ کے بعد آئی اے اے ایف کو آگاہ کر دیا تھا۔اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روس میں ڈوپنگ سرکاری طور پر کی گئی تھی۔رواں ماہ کمیشن کے سربراہ ڈک پاؤنڈ نے دوسری رپورٹ جاری کی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بدعنوانی آئی اے اے ایف میں سابق صدر لیمائن ڈیاک کی سرپرستی میں جاری تھی۔