اعصاب شکن مقابلے کے بعد ریال میڈرڈ نے گیارہ ویں بار چیمپئنز فٹبال لیگ جیت لی۔ میچ مقررہ اور اضافی وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ اٹلیٹکو میڈرڈ کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست ہوئی۔
میلان: (یس اُردو) ریال میڈرڈ کی جانب سے راموس نے پندرھویں منٹ میں گول کر کے ریال میڈرڈ کو برتری دلائی۔ اٹلیٹیکو میڈرڈ کے کاراسکو نے میچ کے 79 ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کر دیا جو کہ مقررہ وقت کے اختتام تک برقرار رہا۔ اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ پینالٹی شوٹ آؤٹس پر ریال میڈرڈ نے ایک بار پھر حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے یورپ کا سب سے بڑا کلب ایونٹ اپنے نام کیا۔ ریال میڈرڈ کی جانب سے کرستیانو رونالڈو نے آخری اور فیصلہ کن گول کیا۔ اٹلیٹیکو میڈرڈ کو تیسری مرتبہ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چیمپئنز لیگ فائنل سے پہلے رنگارنگ افتتاحی تقریب ہوئی۔ تین سو سے زائد فنکاروں کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔