بریمین: جرمنی کی دو مساجد پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں قرآن پاک کے 50 نسخے شہید کر دئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کی دو مساجد پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے حملے کیے گئے۔ حملہ آوروں نے بریمین شہر کی مسجد رحمان کو نشانہ بنایا جب کہ دوسرا واقعہ کیسل شہر میں پیش آیا۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے جرمنی کے شہر بریمین میں واقع رحمان مسجد میں قرآن کریم کے 50 نسخے شہید کردیے گئے جب کہ کیسل شہر کی ایک مسجد پر سنگ باری کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔سنگ باری کے متعلق کہا گیا کہ وہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے کی گئی۔ نشریاتی ادارے ٹی آرٹی کے مطابق مسجد انتظامیہ کے صدر سیف الدین ار یوروک نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ٹی آرٹی کے مطابق جرمنی کے شہر بریمین میں زیادہ تر پاکستانی اور افغان باشندے آباد ہیں۔شہر میں پیش آنے والے واقعہ پر وہاں موجود مسلمان برادری اپنے ردعمل اور افسوس کا اظہار سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کررہی ہے۔ مسلمان برداری کا کہنا ہے کہ مسلم مخالف واقعات کی تعداد میں آئے روز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ ایسے واقعات سے مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم کسی طور نہیں گھبرائیں گے ، ہماری مساجد آباد رہیں گی اور ہم مساجد میں نماز کی ادائیگیاں جاری رکھیں گے۔
مسلم برادری کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کے نسخے شہید کیا جانا انتہائی قابل مذمت اور قابل افسوس فعل ہے۔ پولیس کو چاہئیے کہ فوری طور پر ملزمان کا سراغ لگائے اور انہیں گرفتار کرے ۔ مسلم برادری نے ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملہ ہوا تھا جس نے مسلم امہ کو جنجھوڑ کر رکھ دیا تھا ۔