طرابلس: لیبیا کے جنوب میں واقع فیلڈ مارشل خلیفہ ہفتار کی فوجی ایئربیس پر حملے کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت 141 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کی وفادار تھرڈ فورس ملیشیا نے فیلڈ مارشل خلیفہ ہفتار کی خودساختہ لیبین نیشنل آرمی کی براک الشتی ایئربیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 141 افراد ہلاک ہوگئے جس میں فوجیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ خلیفہ ہفتار کے ترجمان احمد المسماری کا کہنا ہے کہ ایئربیس پر حملہ اس وقت ہوا جب فوجی ملٹری پریڈ سے واپس آرہے تھے اور وہ غیرمسلح تھے جب کہ مرنے والوں میں عام شہریوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جو ایئربیس کے قریب مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کا کہنا ہے کہ حملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن بنانے کے احکامات جاری کئے جاچکے ہیں جب کہ حملے کے اصل ذمہ داروں کا تعین ہونے تک وزیردفاع المہدہ البرکاتی اور تھرڈ فورس ملیشیا کے سربراہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ادھر وزیردفاع اور تھرڈ فورس کے سربراہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل خلیفہ ہفتار کی وفادار فوج کی ایئربیس پر حملے کے احکامات نہیں دیئے۔