کابل: افغان صوبے پکتیا میں پولیس ہیڈ کوارٹرز پر خودکش حملوں میں پولیس چیف سمیت 20 افراد ہلاک جب کہ 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس ہیڈ کوارٹر سے ٹکرادی جس کے بعد حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، اسی دوران دوسرے خودکش بمبار نے خود کو اڑادیا۔ افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ہیڈ کوارٹرز میں موجود اہلکاروں پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں صوبائی پولیس چیف توڑیالئی ابدیانی سمیت متعدد پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 150سے زائد زخمی ہیں۔ فورسز ہیڈکوارٹر کی عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی ہیں تاہم فی الحال مکمل کنٹرول حاصل نہیں کرسکیں۔ دوسری جانب طالبان نےمیڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کارروائی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔