سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بھارتی سرحدی محافظوں کے کیمپ پر حملے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جب کہ 2 حملہ آوروں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مسلح افراد نے سری نگر میں ہوائی اڈے کے قریب بارڈر سیکیوریٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایککیمپ پر حملہ کردیا۔ 3 مبینہ حملہ آور کیمپ میں داخل ہوئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہاں موجود کئی اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ میں 2 مبینہ حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ سری نگر میں تعینات بھارتی پولیس اہلکاروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایک حملہ آور اب بھی اس کیمپ کے آفیسرز میس میں موجود ہے جس سے مقابلہ جاری ہے۔ مزاحمت کے پیش نظر اسپیشل سیکیورٹی فورسز کے دستے بھی آپریشن میں حصہ لینے کےلیے پہنچ گئے ہیں اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جاری ہے۔ حملے کے بعد ہوائی اڈے کے تمام راستوں کو بند کردیا گیا ہے اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ سری نگر پولیس کے ترجمان منوج کمار نے حملے میں 3 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچلنے اور پاکستان پر عالمی سیاسی دباؤ بڑھانے کےلیے اپنے کیمپوں پر حملوں کا ڈھونگ رچاتا رہا ہے۔