پنڈی گھیب ; پی ٹی آئی کے طاہر صادق کو اپنی سیٹ کھسکتی ہوئی نظر آ رہی ہے ،جلسے سے خطاب۔ تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ تحریک لبیک ملک میں اسلامی اور فلاحی حکومت کے قیام کیلئے انقلابی فارمولا رکھتی ہے ،
پنڈی گھیب میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نظام مصطفیؐ کے نفاذ کیلئے سیاست کے میدان میں نکلے ہیں ۔25 جولائی ختم نبوت کے چوکیداروں کے اسمبلی میں پہنچنے کا دن ہوگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی 4 کے امیدوار ملک امانت خان نے کہا کہ وہ منتخب ہوکر اسمبلی میں ختم نبوت کا پہرہ دیں گے ۔دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ وہ سازشیں کر کے وزیراعظم بن سکتے ہیں، اگر وہ اتنے ہی مقبول ہوتے تو انہیں اتنی سہولتیں دینے کی کیا ضرورت ہے۔لالہ موسیٰ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست کر کے شاید قلیل المدت فائدہ اٹھالیا جائے اور یہ لاڈلے کی پرانی عادت ہے تاہم اس عمل سے قوم کو طویل المدت نقصان پہنچے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی اتحاد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، خان صاحب کی غلط فہمی ہے کہ سازشیں کر کے وہ وزیراعظم بن سکتے ہیں، اگر وہ اتنے ہی مقبول ہوتے اور عوام ان کے ساتھ ہوتے
تو انہیں اتنی سہولتیں دینے کی کیا ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہو یا جی ڈی اے وہ آزادانہ انتخابات میں مقابلہ نہیں کرسکتے، جو بھی سازشیں ہورہی ہیں ایک دن ان کے ثبوت سامنے لائیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جیالے لڑنے کے لیے پرجوش ہیں، وہ پہلے بھی مشکل وقت کا سامنا کرچکے ہیں اور اب بھی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام دوست پالیسیز کو ملکی سیاست پر ترجیح دوں گا، پہلے بھی کہا کہ کالعدم تنظیموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، ان پر بار بار اعتراض کیا اور الیکشن کمیشن کو بھی شکایت کی، کالعدم تنظیموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی مذمت کرتا ہوں۔