ایئر یونیوسٹی میں منعقدہ دوروزہ لائف کون کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی،وائس چانسلر فائز امیر کا مجوزہ پاک چین ہیلتھ کوریڈورمنصوبہ ایجنڈے پر چھایا رہا،پرنسپل فضائیہ میڈیکل کالج میجر جنرل پروفیسر سلمان علی کی منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد
اسلام آباد (اصغر علی مبارک): ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے تناظر میں ایئریونیورسٹی میں منعقدہ دوروزہ انٹرنیشنل کانفرنس لائف کون 2018 اختتام پذیر ہوگئی،میڈیکل ہیلتھ کیئر کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کیلئے وائس چانسلرایئروائس مارشل (ر) فائز امیر کا مجوزہ پاک چین ہیلتھ کوریڈورمنصوبہ ایجنڈے پر چھایا رہا۔تفصیلات کے مطابق فضائیہ میڈیکل کالج، ایئریونیورسٹی کے زیرانعقاد دوروزہ کانفرنس کا مقصد ہیلتھ کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات کو زیرغور لانا تھا۔پرنسپل فضائیہ میڈیکل کالج میجر جنرل پروفیسر سلمان علی نے اختتامی سیشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی، اختتامی سیشن سے مہمانِ خصوصی پرنسپل آرمی پبلک اسکول میجر جنرل رانا سلیم احمد خان نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر وائس چانسلر ایئریونیورسٹی ایئر وائس مارشل (ر)فائز امیر کا کہنا تھا کہ فضائیہ میڈیکل کالج جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو صحت عامہ اور سماجی بھلائی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ دوروزہ عالمی کانفرنس کے موقع پر چین کی نارتھ ویسٹرن پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے مندوبین نے اپنے ریسرچ پیپرز بھی پیش کیے۔ لائف کون کانفرنس کے موقع پر پلینری سیشنز کے ساتھ سائنسی سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملکی و عالمی اداروں سے وابستہ ڈاکٹر، فزیشن، انجینئر، ماہرین صحت، پیرامیڈیکل اسٹاف، نرس ، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دونوں دنوں وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی فائز امیر کے مجوزہ پاک چین ہیلتھ کوریڈور سے متعلقہ مختلف موضوعات کو زیربحث بھی لایا گیا۔