آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کی کمزورسی ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیل کے تیسرے روز ہی ایک اننگز اور 212 رنز سے روند ڈالا ہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے 269 ناٹ آوٹ بنانے والے ایڈم واگز کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا ہے ۔
ایڈیلیڈ (نیٹ نیوز ) ایڈیلیڈ میں ہونے والا یہ ٹیسٹ میزبان ٹیم کے لئے تر نوالہ ثابت ہوا ، جس کے بارے میں 148مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا147 بھی نہیں کہا جا سکتا ، کیونکہ پہلی اننگز میں براوو کی سنچری اور دوسری اننگز میں اوپنر بریتھ ویٹ کے 94 رنز کی اننگز کے علاوہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بلے باز جم ہی نہیں سکا ۔ جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، اور واگز کی ناقابل شکست ڈبل سنچری اور شون مارش کے 182 رنز کی بدولت چار وکٹ پر 583 رنز کا پہاڑ کھڑا کر لیا تھا ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 223 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہوئی ، اور دوسری اننگز میں پوری ٹیم 36.3 اوورز میں صرف 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں کریگ براتھ ویٹ نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں پیٹنسن نے پانچ جبکہ ہیزل وڈ نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے براوو اور کیمار روچ نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو اس کی آخری چار وکٹیں کل کے سکور میں صرف 16 رنز کا اضافہ کر سکیں اور پوری ٹیم 223 رنز بنا کر آوٹ ہو کر فالو آن ہو گئی ۔