نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے آئندہ دورہ بھارت کے حوالے سے آسٹریلیا کو خبردار کردیا ہے۔ ان کہنا ہے کہ کینگروز کو بھارت میں اسپن وکٹوں سے نمٹنے کیلیے تیار رہنا ہوگا۔
آسٹریلین ٹیم اسی ماہ کے آخر میں 4میچوں کی ٹیسٹ سیریز کیلئے بھارت کا دورہ کرنے والی ہے۔ 23فروری کو پونے میں پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا۔ وليمسن کی قیادت میں کیویز نے حال ہی میں کینگروز کو تین ون ڈے میچز کی سیریز میں زیر کیا ہے۔ لیکن بلیک کیپس ٹیم 4ماہ پہلے ہی بھارت کے دورے ٹیسٹ سیریز 0-3 سے ہار گئی تھی۔ ولیمسن کی سیریز میں کارکردگی بہتر تھی، انہوں نے سنچری بھی اسکور کی تھی اس اعتبار سے ان کے ذہن میں مذکورہ دورے کے حوالے سے بہت کچھ تازہ ہی ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ غیرملکی ٹیموں کیلیے بھارتی سرزمین انتہائی مشکل جگہ ہے۔ لیکن میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ آسٹریلوی ٹیم اچھی ہے اور وہ بہت جلد خود کو حالات کے مطابق ڈھال لیتی ہے۔ لیکن ایسا ہرگز نہ سوچئے گا کہ دھول اڑاتی ساری پچز ہمیشہ ایک جیسا کھیلیں گی۔ یہ مکمل طور پر میزبان سائیڈ پر منحصر ہے کہ وہ کیسی پچز تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ٹیم موجودہ سیزن میں ہوم گرائونڈز پر 13ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے اور بھارت کی پچوں میں کافی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ ایسے میں ٹاس بھی کافی اہم ہوتا ہے۔