میلبورن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان برینڈن میکولم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 45 اوورز میں 183 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
چار کیویز بلے باز صفر پر آئوٹ ہوئے۔ اوپننگ بلے باز گپٹل صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے، دھواں دار بیٹنگ سے مشہور برینڈن میکولم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ولیم سن 12، ٹیلر 40 رنز بنا سکے۔
ایلیٹ 82 گیندوں پر 83 رنز بنا کر نمایاں رہے ان کی اننگ میں 7 چوکے اور1 چھکا شامل تھا ۔ ٹم سائوتھی 11 رنز بنا سکے۔ کینگروز کی جانب سے سٹارک نے 2 اور میکسویل نے 1 وکٹ حاصل کی۔ جانسن اور فولکنر نے 3-3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کینگروز ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے پانچویں مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے شاندار 45 رنز کی اننگ کھیلی۔
اپنے کیرئیر کا آخری ون ڈے کھیلنے والے آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے 74 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 10 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کوئی بائولر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔