اسلام آباد؍پشاور(اصغر علی مبارک) عورتوں کے عالمی دن کے حوالے سے صوبہ خیبر پختونخوا کے مقامی ہوٹل میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آسٹریلین ڈپٹی ہائی کمیشنر برک بیٹلی اور خواتین کے صوبائی کمیشن برائے وقارِ نسواں کی چیئرپرسن نیلم طورو نے آسٹریلوی حکومت کی مدد سے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے ایک موبائل ایپلیکیشن متعارف کروائی۔ پروگرام کا انعقاد خواتین کے صوبائی کمیشن، سماجی تنظیم بلیو وینز اور ٹروکیئر کے تعاون سے کیا گیا۔ متعارف کی گئی موبائل ایپلیکیشن کا استعمال انٹرنیٹ کے ساتھ اور بغیر دونوں طریقے سے کیا جانا ممکن ہے۔ اس ایپلیکیشن کے ذریعے خواتین باآسانی عورتوں کے صوبائی کمیشن سے بذریعہ تحریر، تصویر، آواز یا ویڈیو کے رابطہ کر سکیں گی۔ یہ موبائل ایپلیکیشن گوگل پلے سٹور پر مفت ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے۔ اس ایپلیکیشن پرعورتوں کے حقوق سے متعلقہ قوانین اور صوبائی کمیشن کے دائرہ کار کے بارے میں مفید معلومات بھی موجود ہیں۔
آسٹریلین ڈپٹی ہائی کمشنر برک بیٹلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ خواتین پر تشدد کا خاتمہ آسٹریلوی حکومت کی خارجہ پالیسی اور امدادی پروگرام کی ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ یہ موبائل ایپلیکیشن صوبہ خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گی اور انہیں صحت، قانون تک رسائی اور پناہ گاہوں تک رسائی میں معاونت فراہم کرے گی جس سے خواتین کی حفاظت اور فلاح میں بہتری آئے گی‘‘۔
خواتین کے صوبائی کمیشن کی چیئرپرسن نیلم طورو نے کہا کہ ’’خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہم خواتین کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے جات زندگی میں کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ خواتین کو درپیش مسائل اور تفریق کا خاتمہ یقینی بنائیں گے‘‘۔
ٹروکیئر کے کنٹری ڈائریکٹر جان اوبرائن نے اس موقع پر کہا ’’ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ خواتین کمیشن کی جانب سے ایک احسن قدم ہے‘‘۔
بلیو وینز کے کوآرڈینیٹر قمر نسیم نے کہا کہ ’’جنسی و صنفی تشدد کے خاتمہ کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال بہت مفید ثابت ہوگا۔ ہم ٹروکیئر کے شکر گزار ہیں جن کی معاونت و امداد سے یہ ایپلیکیشن تشکیل پائی۔ اس سے خواتین کمیشن کا عورتوں سے رابطہ اور معلومات کا حصول آسان ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے خواتین کے صوبائی کمیشن کی استعداد میں بھی بہتری لائی جا سکے گی‘‘۔
صوبائی اسمبلی کی ممبر اور وومن پارلیمنٹری کاکس کی چیئرپرسن معراج ہمایون نے کہا کہ’’عورتوں کی ترقی کے حوالے سے بہت سارے اقدامات اُٹھائے گئے ہیں لیکن ابھی بہت کچھ کیا جانا کافی ہے۔ آگاہی کے پروگرامات سے عوام میں خواتین کے حقوق سے متعلق شعور بیدار ہوا ہے۔ معراج ہمایون نے مزید کہا کہ عورتوں کی ترقی معاشرے، غربت کے خاتمے، پائیدار ترقی اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے ازحد ضروری ہے۔
عورتوں کے عالمی دن پر خواتین کی خدمات سراہتے ہوئے ڈپٹی ہائی کمشنر برک بیٹلی نے صوبہ خیبر پختونخوا کی 14 خواتین کو صحت، تعلیم، انصاف تک رسائی اور سائنس کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ایوارڈ بھی تقسیم کیے۔