برسبین: آسٹریلیا میں کم عمر لڑکا اپنی طاقت سے زیادہ وزن اٹھاتے ہوئے کچل کر ہلاک ہوگیا۔
آسٹریلوی شہر برسبین میں 15 سالہ لڑکا بین شا جم میں 100 کلو ویٹ راڈ اٹھانے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران ویٹ اسکے اوپر آگرا جس کے نتیجے میں اس کی گردن ٹوٹ گئی۔ اطلاعات کے مطابق بین شا آدھے گھنٹے تک ویٹ کے نیچے دبا پڑا رہا کیونکہ اس وقت جم خالی تھا۔ بعدازاں ایک شخص کی نظر اس پر پڑی جس نے جم کے عملے کی مدد سے وزن بین کے اوپر سے ہٹایا اور اسے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ 5 روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔ بین شا کے جسمانی اعضا عطیہ کیے جائیں گے۔ حکام نے تاحال واقعے کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تاہم تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضابطوں کے مطابق جم میں 16 سے کم عمر لڑکوں کو بغیر کسی نگرانی ورزش کی اجازت نہیں۔